اداکار قادر خان چلنے پھرنے سے قاصر ،وہیل چیئر کے محتاج ہوگئے

October 17, 2017

دو دہائیوں سے زائد عرصے تک اپنی اداکاری کے ذریعے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے اداکار قادر خان کی صحت ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہورہی ہے اور اب وہ چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق قادر خان کی صحت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ وہ وہیل چیئر پر آگئے ہیں اور چلنے پھرنے سے قاصر ہیں،حتیٰ کہ انہیں بات چیت کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

سوشل میڈیا پر قادر خان کی ان کے بیٹے کے ساتھ نئی تصویر سامنے آئی ہے جس میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

قادر خان ان دنوں اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں جہاں بڑھتی ہوئی عمر کی وجہ سے انہیں صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے جب کہ وہ نقل و حرکت کے لیے مکمل طور پر اپنے بیٹے اور بہو کے محتاج ہیں۔