شریف فیملی کو اندھے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رانا تنویر حسین

October 18, 2017

لندن (ودود مشتاق) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداواررانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ احتساب کا عمل بڑا ہی متعصبانہ ہے خاص طور پر شریف فیملی کے خلاف کچھ بھی نہ ہونے کے باوجود انھیں اندھے انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ عمران خان اور اور ججوں سمیت کسی کا احتساب نہیں ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ نواز کے صدر میاں نواز شریف سے ان کے بیٹے حسن نواز کے دفتر میں ملاقات کے بعد جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یہ باتیں کہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ملاقات میں انہوں نے مختلف سیاسی امور پر بات چیت کے علاوہ بیگم کلثوم کی خیریت بھی دریافت کی اور ان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ رانا تنویر حسین نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میاں نواز شریف عوام کی حاکمیت والی سوچ پر کار فرما ہیں اور اس ًحوالے سے وہ کسی بات پر سمجھوتہ نہیں کرینگے اور عوامی حاکمیت کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے مقدمات سالہا سال سے لٹکے ہوئے ہیں جبکہ سابق صدر مشرف کے خلاف سنگین مقدمات ہیں لیکن ان کی کوئی سماعت بھی نہیں ہو رہی ہےنہ ہی کوئی عدالت انھیں طلب کر سکتی ہے۔ یہ ساری صورت حال اس بات کو واضح کرتی ہے کہ شریف فیملی کے خلاف تصب کی بنیاد پر فیصلے ہو رہے ہیں اور انہیں ایک خاص سوچ کے تحت ایسی انتقامی کاروائوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے فوج کے خلاف مسلم لیگ کی حکومت کے ٹکراو کے سوال کے جواب میں کہا کہ وفاقی وزرا کے بیانات ایک معمول کا حصہ ہیں اور انکی حکومت اپنی فوج کے بارے میں کوئی منفی سوچ نہیں رکھتی، فوج ہمارا ایک قومی ادارہ ہے جو ملک کی سیکورٹی سمیت اہم خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور ہمارے فوجی جوان شہادتوں کی صورت میں ملک کےلئے گرانقدر قربانیاں بھی دے رہے یں۔ لیکن جو ادارہ یا شخص عوامی امنگوں اور عوامی رائے کو مسترد کرتا ہو تو پھرہماری پارٹی ایسی سوچ کے خلاف ہے۔ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ مسلم لیگ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات میں پورے ملک میں اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی اور ہم اپنے ترقیاتی منصوبے آنے والے دور میں بھی جاری رکھیں گے۔انھوں نے بتا یا کہ یوکرین میں دفاعی نمائش کے دوران پاکستان کے الخالد اور ضرار ٹینکوں سمیت فوجی اور دفاعی سازو سامان کی پزیرائی ہوئی ہے، اس سے پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچےگا۔ بعد ازاں وہ پاکستان روانہ ہو گئے۔