مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ نے نائیک کو حقیقت سے دور قرار دیدیا

April 27, 2024

کولاج فوٹو: فائل

بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے فلم نائیک کے کردار شیواجی راؤ پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے اسے حقیقت سے دور قرار دے دیا۔

ایکناتھ شندے نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران اپنے سیاسی کیریئر سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جس میں میزبان نے ان سے فلم نائیک سے متعلق سوال بھی کرلیا۔

جب میزبان نے سوال کیا کہ وزیراعلیٰ بننا آپکا بچن کا خواب تھا یا پھر آپ انیل کپور کی فلم نائیک سے متاثر ہوکر وزارت اعلیٰ کے منصب پر پہنچے؟

اس پر جواب دیتے ہوئے ایکناتھ شندے کا کہنا تھا کہ فلم فلم ہوتی ہے، حقیقت حقیقت ہوتی ہے، لہٰذا فلم سے متاثر ہونے جیسا کچھ نہیں۔

جب میزبان نے فلم میں اُس سیاستدان کی مسائل حل کرنے کیلئے فوری فیصلہ لینے کو سراہا تو اس پر وزیر اعلیٰ مہاراشٹرا بھی معترف نظر آئے اور کسی بھی سیاستدان کی ایسی سوچ کو سراہا۔

واضح رہے بلاک بسٹر فلم نائیک: دا رئیل ہیرو 2001 میں ریلیز ہوئی جو انیل کپور کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک ثابت ہوئی۔

فلم میں انیل کپور نے ایک صحافی شیواجی راؤ کا کردار نبھایا جو حادثاتی طور پر سیاست میں داخل ہوا، مہاراشٹرا کا وزیراعلیٰ بنا اور اس دوران اسے اذیتیں برداشت کرنا پڑیں۔

نائیک میں آنجہانی امریش پوری کے کردار کو بھی مداحوں نے خوب پسند کیا۔ اسکے علاوہ رانی مکھر جی، پوجا بترا، پاریش راول اور جانی لیور نے بھی معاون کردار نبھائے۔