توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری دفاع اور ائیروائس مارشل مسرور حسین کو نوٹس جاری

October 20, 2017

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس فرخ عرفان خان اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سیکرٹری وزارت دفاع اور ائیر وائس مارشل مسرور حسین کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرتے ہوئےسماعت 13نومبر تک ملتوی کردی ۔ ائیر فورس کے سابق اہلکارسہیل اشرف ولد محمد اشرف نے کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ کےذریعے ملٹری کورٹ سے 9سال سزا سنائے جانے کے فیصلہ کیخلاف اور ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر دائر درخواست میںموقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کے احکامات کے باوجود محکمہ کی جانب سے لواحقین ا ور وکلا ءکو اس کیخلاف الزامات اور ٹرائل کا ریکارڈ بھی نہیں دیا گیا جبکہ حکام کی جانب سے اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ چند افسر بھی اس معاملے میں ملوث پائے گئے ہیں جن کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور دو جونئیر ٹیکنیشنز کو 9/9سال کی سزا کا حکم دیا گیا تھا جو خلاف قانون ہے۔