پاکستان اپنے ہاں دہشت گرد گروپوں کے بارے میں آنکھیں کھولے، امریکی وزیرخارجہ

October 24, 2017

کابل(اے ایف پی، رائٹرز، ایجنسیاں)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہاں دہشتگرد گروپوں کے بارے میں آنکھے کھولے، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کو بھی مزید مستحکم و محفوظ بنایا جا سکے،میں ٹرمپ انتظامیہ کے مطالبے کہ ’’اسلام آباد اپنے ہاں موجود طالبان اور دیگر انتہا پسندوں کیخلاف ایکشن لے یا پھر نتائج بھگتنے کےلئے تیار رہے‘‘ کو مضبوطی سے دہرانے کےلئے منگل کو(آج) پاکستان جارہا ہوں، قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ نے غیر اعلانیہ دورہ کابل میں اشرف غنی اور دیگر حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں جس میں افغانستان میں امن و استحکام لانے کے عزم کو دہرایا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کابل میں اشرف غنی سے ملاقات کے بعدپریس بریفنگ میں ٹلرسن نے کہا کہ پاکستان کےلئے امریکی پالیسی کا انحصار اس بات پر ہوگاکہ آیا پاکستان نے وہ ایکشن لئے جو امریکا ضروری سمجھتا ہے یا نہیں، ٹلر سن نے کہا کہ پاکستان کے دورے کے بعد وہ بھارت جائیں گے۔

قبل ازیں پیر کو ریکس ٹلرسن غیر اعلانیہ دورے پر افغان دارالحکومت کابل پہنچے جہاں انہوں نے افغان صدر اشرف غنی اور دیگر اعلیٰ حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں بھی کیں، ان ملاقاتوں میں توجہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی جنوبی ایشیائی پالیسی پر مرکوز رہی۔افغانستان میں اعلیٰ سطح کے رابطوں میں امریکی وزیر خارجہ نے اس ملک میں استحکام سے متعلق امریکی عزم کا اعادہ بھی کیا۔