اسرائیل گوگل اور فیس بک پر ٹیکس لگائے گا،بل کی تیاری کا کام شروع

November 18, 2017

واشنگٹن (این این آئی)مالی امور سے متعلق ایک اسرائیلی اخبارنے بتایا ہے کہ اسرائیل گوگل اور فیس بک جیسی بڑی بین الاقوامی کمپنیوں پر ٹیکس لگانے کی تیاری کر رہا ہے اور ایک سال کے اندر انہیں واجب الادا ٹیکس کا بل بھیج دیا جائے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی طرح یورپی یونین اور کئی دوسرے ملک بھی انٹرنیٹ پر منافع حاصل کرنے والی کمپنیوں کو اپنے ٹیکس نیٹ ورک کے دائرے میں لانا چاہتے ہیں۔ اسرائیل کی ٹیکس اتھارٹی کے چیئر مین موشے اشعر کے حوالے سےادارے نے لکھا ہے کہ ٹیکس کے بل کی تیاری کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے اور اب ٹیکس حکام یہ طے کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ اس کا تعین کیسے کیا جائے۔اسرائیلی ٹیکس اتھارٹی کے ایک ترجمان نے خبررساں ادارے کو اس خبر کی تصدیق کی، تاہم اتھارٹی کے چیئر مین اشعر نے بات کرنے سے معذرت کر لی۔گوگل اور فیس بک کے نمائندے اس بارے میں بات کرنے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکے۔