مراکش: امدادی خوراک کی تقسیم کے دوران بھگدڑ، 18ہلاک

November 20, 2017

مراکش میں امدادی خوراک کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ جانے کے باعث 18افراد ہلاک، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

مراکش کے صوبے الصویرہ کے قصبے سیدی بولالام میں امدادی خوراک کی تقسیم کے دوران یہ سانحہ پیش آیا جس میں بعض اطلاعات کے مطابق 40 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بزرگ افراد کی ہے۔

سوشل میڈیا پر آنے والی واقعے کی تصاویر میں بھگدڑ کی جگہ پر بڑی تعداد میں خواتین کی لاشیں نظر آرہی ہیں۔

عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس غربت و افلاس کے مارے قصبے میں بھگدڑ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقامی مارکیٹ میں سالانہ امدادی خوراک تقسیم کی جارہی تھی۔

مراکشی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شاہ محمد ششم نے مقامی حکام کو ہدایات دی ہیں کہ زخمیوں کو طبی امداد سے لے کر تدفین کے اخراجات تک سرکاری خزانے سے ادا کیے جائیں۔

بھگدڑ مچنے کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں، قیاس یہی کیا جارہا ہے کہ امداد کے لیے بڑی تعداد میں جمع ہونے والے افراد اس حادثے کا سبب بنے۔