آزادی ملے تو سائنسدان اعلیٰ کارکردگی دیکھا سکتے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

November 21, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ممتاز سائنسدان، پاکستان کو ایٹمی طاقت سے سرفراز کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میںباصلاحیت افراد کی کمی نہیں البتہ حکومتی سرپرستی کا فقدان ہے۔ اگر انہیں اچھی سہولتیں، کام کرنے کی آزادی اور مناسب فنڈز فراہم کئے جائیں تو ہر شعبے میں پاکستانی خصوصا سائنسدان کامیابی کے جھنڈے گاڑ سکتے ہیں۔ ہم نے ایسے وقت میں ایٹم بم بنایا جب بہت کم ممالک کے پاس یہ ٹیکنالوجی موجود تھی انہوں نے مزید کہا کہ اردو یونیورسٹی قومی زبان میں تعلیم دے کراس کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے، یہ سن کر خوشی ہوئی کہ جامعہ اردو کے شعبہ کیمیا کے تمام اساتذہ پی ایچ ڈی ہیں اور یہاں تحقیقی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اردو کے شعبہ کیمیا کے تحت کیمیکل سوسائٹی آف پاکستان کے تعاون سے" عالمی چیلنجز کا حل بذریعہ کیمیاـ" کے موضوع پر عالمی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ بے حد رکاوٹوں اور مسائل کے باوجود سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سرپرستی میں 6سال کے اندر ملک کو ایٹمی طاقت بنادیا جبکہ آج بھی سوئی سے لے کر جہاز تک بیرون ملک سے درآمد ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ذاتی وسائل اور کوششوں سے چند ادارے تشکیل دیئے ہیں ۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسن پاکستان اور محسن انسانیت ہیں، انہوں نے جن اعلی اقدار پر سائنس اور ٹیکنالوجی کی راہیں ہموار کی ہیںان پر چل کر پاکستان ترقی کی منازل ضرور طے کرے گا۔