اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس احتساب عدالت میں سماعت آج ہوگی

November 21, 2017

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف دائر اثاثہ جات ریفرنس اور چیئرمین نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے دو نئے اثاثے منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کے لیے نیب کی درخواست پر سماعت آج کریں گئے۔وزیر خزانہ کے دو نئے اثاثے منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی بھی سماعت ہوگی،ڈارلندن میں زیرِعلاج، پیشی کا امکان نہیں ، واضح رہے کہ گذشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق عملدرآمد رپورٹ داخل کرانے کے بعد اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی تھی جس پر فاضل جج نے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ان کے ضامن احمد علی قدوسی کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور متنبہ کیا تھا کہ اگر اسحاق ڈار آئندہ سماعت پر بھی پیش نہ ہوئے تو داخل کیے گئے 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار علالت کے باعث لندن میں زیر علاج ہیں لہذا آج ہونے والی سماعت پر ان کے پیش ہونے کا امکان نہیں ہے۔