پارلیمنٹ اب آمروں کو تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں،نواز شریف

November 22, 2017

سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ اب آمروں کو تحفظ دینے کے لیے تیار نہیں اور اس بات کا ثبوت کل دیکھا جاچکا ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل قومی اسمبلی سے منظور ہونے پر وہ اتحادی جماعتوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتےہیں، ان کا کہنا تھا کہ یہ ان لوگوں کے لیے آنکھیں کھول دینے والی بات ہے جو ملک کو جمہوریت کے راستے پر نہیں چلنے دیتے۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں پیپلزپارٹی سے اصل گلہ ہے کہ انہوں نے آمر کے کالے قانون کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے کوئی گلہ نہیں، ان کی جماعت میں جمہوریت ہی نہیں ہےلیکن پیپلزپارٹی کو کیا ضرورت تھی ایسا کرنے کی؟

نوازشریف نے کہا کہ یہ بل پاس ہوجانا جمہوریت پسندوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے، جمہوریت کے راستے سے بھاگنے والوں کے لیے یہ کھلا پیغام ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں موجود افراد کی ایک بڑی تعداد آمروں کے قانون کو تحفظ دینے کی حامی نہیں جب کہ پارلیمنٹ نے آمروں کے کالے قانون کو مسترد کردیا جو بڑی پیشرفت ہے۔