کراچی: اورنگی کی لکڑی مارکیٹ میں آگ لگ گئی

November 23, 2017

کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون نمبر5 میں واقع لکڑی کی مارکیٹ میں آگ لگ گئی۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ اور گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے آگے لگنے کے مقام پر پہنچ گئے۔

فائر بریگیڈ کے 7فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔

فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

لکڑی مارکیٹ کے ساتھ 4منزلہ رہائشی عمارت ہے جس کے مکینوں کو باحفاظت نکال لیا گیا اور محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

مارکیٹ میں کارخانہ ،فرنیچر اور لکڑیوں کی دکانیں ہیں، کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آگ نے مارکیٹ میں موجود کارخانے اور 10دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث کروڑوں روپے کی لکڑی سمیت فرنچیر اور دیگر سامان جل گیا۔

ذرائع کے مطابق ایک موقع پر فائرٹینڈرز میں پانی ختم ہونے کے باعث آگ بجھانے کا عمل تاخیر کا شکار بھی ہوا۔

ادھر بچ جانے والی دکانوں سے ان کے مالکان نے سامان نکالنا شروع کر دیا۔

عینی شاہد کے مطابق مارکیٹ میں 20سے زائد دکانیں ہیں، جبکہ فائر ٹینڈرز آگ لگنے کے 15منٹ بعد ہی پہنچ گئے۔