نئی دہلی میں انسداد فضائی آلودگی نیٹ ورک کا آغاز

December 06, 2017

میئر لندن صادق خان نے دہلی میں شدید دھند کے دوران انسداد فضائی آلودگی نیٹ ورک کا افتتاح کردیا ہے جس کے ذریعے دنیا بھر کے شہروں میں خراب ہوتی ہوئی فضاکے معیارکو بہتر کرنے کیلئے طریقہ کار تلاش کئے جائیں گے۔

صادق خان نے دہلی کے ’’مہاراجہ آگرا سین‘‘ پبلک اسکول اور اکشردھام مندر کا دورہ کیا جبکہ میئر لندن آج پاکستان آئیں گے ۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی سے نمٹنے کےلئے سی40نیٹ ورک کے تحت قائم ہونے والے ’’ایئر کوالٹی نیٹ ورک‘‘ کی سربراہی میئر لندن صادق خان کے ساتھ ساتھ بنگلور کے میئر آر سمپتھ راج بھی کریں گے ۔ فضائی آلودگی کے مسئلے پر ملکر کام کرنے کے فیصلے کا اعلان نئی دہلی میں میئرز کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

سی 40لندن، پیرس، لاس اینجلس اور کوپن ہیگن جیسے اہم شہروں پر مشتمل ایک نیٹ ورک ہے جو گرین ہائوس گیسز کے اخراج میں کمی کیلئے ملکر کام کرتا اور ایسے ماڈلز تیار کرتاہے جو دیگر شہر وں اور وہاں کی حکومتوں کےلئے قابل قبول ہوں۔

اس موقع پر میئر لندن صادق خان کاکہناتھاکہ فضائی آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے جو لاکھوں افراد کی جان کےلئے نقصان دہ ہے اورصرف ملکر کام کرنے سے ہی ہم اس صحت کے عالمی مسئلے کو شکست دے سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ انہیں فخر ہے کہ لندن اور بنگلور نئی ’’ایئرکوالٹی پارٹنرشپ ‘‘کی سربراہی کریں گے ، ہم دنیا بھر کےاہم شہروں اور دہلی میںبھی کام کرنے کی امید رکھتے ہیں۔

قبل از یں صادق خان نے دہلی کے ’’مہاراجہ آگرا سین‘‘ پبلک اسکول کا دورہ کیاجہاںانہو ں نے فضائی آلودگی کے بارے میں پڑھنے والےطلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔

صادق خان آج (بدھ)کو واہگہ کے راستے پاکستان آئیں گے۔ واہگہ بارڈر پر میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور دیگر ان کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان آمد کے بعد میئر لندن وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کر کے دو طرفہ تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

ان کے اعزاز میں لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے ثقافتی شو اور عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا، صادق خان لاہور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کاروباری شہر کراچی کا دورہ بھی کریں گے۔