قائداعظم فٹبال: کے آر ایل ، سوئی سدرن کوہرا کر فائنل میں پہنچ گئی

December 07, 2017

کے آر ایل کے گول کیپر ثاقب حنیف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو یقینی پینلٹی شوٹ روک کر اپنی ٹیم کو قائداعظم ڈیپارٹمنٹل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا دیا۔

سنسنی خیز سیمی فائنل میں کے آر ایل نے سوئی سدرن گیس کمپنی کودو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی ۔ میچ کے مہمان خصوصی قادر نورانی تھے جن کا میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڈیوں سے تعارف کرایا گیا۔

ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن سائوتھ کے زیراہتمام کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر سنسنی خیز سیمی فائنل مقابلہ ملک کی دو مایہ ناز ٹیموں کے آر ایل اور سوئی سدرن گیس کمپنی (سندھ بلوچستان) کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا دونوں ٹیموں کے کھلاڈیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراونڈ میں موجود ہزاروں شائقین کے دل موہ لیے ۔

کھیل کے 12 ویں منٹ میں کے آر کے فارورڈ عمیر کی لگائی ہوئی شاندار ہٹ گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔17 ویں منٹ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے اسٹار فارورڈ محمد لعل نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی پہلے ہاف میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم ایک گول سے جیت رہی تھی دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بڑھ چڑھ کر حملے کیے۔

میچ کے آخری لمحات میں کے آر ایل کے عمیر علی نےخوبصورت گول کرکے سوئی سدرن کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پینلٹی کک پر ہوا جس میں کے آر ایل نے 4-2 سے جیت کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ جمعہ کو دوسرا سیمی فائنل کے پی ٹی اور مسلم ٹریڈنگ کمپنی چمن کے درمیان 3 بجے کھیلا جائے گا۔