کینیڈا کا تل ابیب میں ہی رہنے کا اعلان،بھارت کی پراسرار خاموشی

December 07, 2017

ایک جانب کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنا سفارتخانہ تل ابیب میں ہی رکھنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب بھارت نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے پر واضح ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کیا ہے۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کینیڈا کا سفارتخانہ تل ابیب سے منتقل نہیں کر رہے، جبکہ کینیڈین وزارت خارجہ نے کہا کہ یروشلم کا فیصلہ اسرائیل، فلسطین تنازع کے حل پر ہی انحصار کرتا ہے، کینیڈا دو ریاستی حل کے موقف پر قائم ہے۔

ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے محتاط رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ فلسطین پر بھارت کا آزادانہ موقف برقرار ہے، فلسطین سے متعلق موقف بھارتی مفادات کے مطابق ہے۔

بھارتی موقف کسی تیسرے ملک کے مفاد کے تحت نہیں، اسرائیل سے تعلقات مضبوط کرنے کے ساتھ بھارت روایتی طور پر فلسطین تحریک کی حمایت کرتا رہا ہے۔