اگر سب کچھ بتا دیا تو بہت نقصان ہوگا، سعد رفیق

December 10, 2017

مسلم لیگ ن کے رہنما خو اجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر سب کچھ بتا دیا تو بہت نقصان ہوگا، ستر سال ہوگئے ہیں، اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو آگے کی طرف لے کر جائیں۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گرومانگٹ رو ڈ پر انڈر پاس کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا کوڑا اٹھا نہ سکنے والے آصف علی زرداری ملک میں ترقی کی باتیں کرتے ہیں، اسی طرح نیا پاکستان بنانے والے بزدل عمران خان کا یہ حال ہے کہ ڈینگی کے ڈر سے پہاڑوں پر چڑھ گئے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت کے پانچ ماہ رہ گئے ہیں، اگر مدت پوری نہ کرنے دی گئی تو کسی حکومت کی بھی مدت پوری نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہ ملک میں مذہبی انتہا پسندی کو روکنا بہت ضروری ہے، پاکستان کو زندہ پارلیمنٹ، بہادر فوج اور ایماندار بیوروکریسی کی ضرورت ہے۔

گرومانگٹ روڈ کے انڈر پاس کا نام ڈی آئی جی کیپٹن (ر) احمد مبین شہیدکے نام سے منسوب کردیاگیا، انڈر پاس کا افتتاح کیپٹن احمد مبین کی والدہ اور خواجہ سعد رفیق نے کیا، اس موقع پر کیپٹن احمد مبین کی اہلیہ اور بچے بھی شریک تھے۔