ایف ڈبلیو او سے تاریخی معاہدے پرٹرانسپورٹرز کی ملک ریاض کو مبارکباد

December 11, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کے چیئرمین کیپٹن (ر) آصف محمود، جنرل سیکریٹری حنیف خان مروت، جوائنٹ سیکریٹری حاجی عبدالرئوف نیازی اور دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ وہ بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور انکے رفقاء کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن(ایف ڈبلیواو) کے ساتھ تاریخی معاہدے پر دلی مبارکباد دیتے ہیں۔معاہدے کی رو سے بحریہ ٹائون انٹر چینج ایم نائن پر دو جدید بڑے پل، تین انڈر پاس، ایک کاز وے اور ملحقہ سڑکوں پر مشتمل ایک فقیدالمثال داخلی اور خارجی پلازہ اپنے ذاتی خرچ پر تعمیر کرے گا۔کراچی سے اندرون ملک جانیوالے ہیوی ٹرانسپورٹ بشمول ٹرک ٹریلر، آئل ٹینکر، بس سروس اور دیگر نجی گاڑیاں اس پراجیکٹ سے مستفید ہوسکیں گی، کیپٹن (ر) آصف محمودنے کہا کہ بحریہ ٹائون کے چیئر مین ملک ریاض حسین بین الاقوامی معیارکی تعمیرات وسہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئند ہ بھی بحریہ ٹائون دور جدید کے تقاضوں کے مطابق بہترین منصوبوں کی اس روایت کو برقرار رکھے گا۔ سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز کی کابینہ ملک ریاض حسین اور انکی ٹیم کو اس منصوبے کی خوشی میں جلد ہی ایک عظیم الشان استقبالیہ دے گی جس میں پاکستان بھر کی ٹرانسپورٹ برادری کے چیدہ چیدہ افراد اور نمائندوں کو بھی دعوت دی جائے گی تا کہ ملک ریاض حسین کی ناقابل فراموش خدمات کی بھر پور حوصلہ افزائی اور پذیرائی کی جاسکے۔