لیجنڈدلیپ کمار کی 95ویں سالگرہ، پشاور میں تقریب

December 12, 2017

ا پشاور ( احتشام طورو ٗوقائع نگار ) برصغیر کے سینماپر 6دہائیوں سے راج کرنیوالے لیجنڈ اداکاردلیپ کمار95برس کے ہوگئے ،پشاور میں گزشتہ روز ثقافتی ورثہ کونسل کے زیر اہتمام دلیپ کمارکی سالگرہ کی تقریب ہوئی،جس میں لیجنڈ اداکار کے مداحوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،اس موقع پر ریسرچ آفیسر آرکیالوجی نواز الدین، ثقافتی ورثہ کونسل کےسیکرٹری شکیل وحیداللہ ،سینئر فوٹو جرنلسٹ فرمان اللہ جان اور دیگرنے دلیپ کمار کی 95ویں سالگرہ کا کیک کاٹا ، شرکاء نے دلیپ کمار کی لمبی زندگی او ر صحت یابی کی دعا کی ، تقریب سے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے دلیپ کمار کی ہر سال سالگرہ منانے پراہل پشاور کا شکریہ ادا کیا، واضح رہے دلیپ کمار 11دسمبر 1922 کو قصہ خوانی بازار پشاور شہر میں پیدا ہوئے ان کا اصل نام یوسف خان تھاانکے والد لالہ غلام سرور پھلوں کے سوداگر تھے،دلیپ کمار نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1944 میں کیا ، 1949سے 1961 تک لیجنڈ اداکار نے بلاک بسٹر فلمیں دیں اور 6دہائیوں تک ہندی سینما پر راج کیا، اس موقع پر شکیل وحیداللہ خان نے کہا کہ سالگرہ منانے کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو قریب لاکر امن وبھائی چارے کو مضبوط کرنا ہے، ہندوستانی فلم انڈسٹری پر پشاور کے اداکاروں کا آج بھی راج ہے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے کافی محبت کرتے ہیں ، دلیپ کمار آج بھی اہل پشاور کے دلوں میں بستے ہیں اور انکی سالگرہ منا کر انہیں خراج تحسین کی صورت میں دیتے ہیں ۔