کورنگی کراسنگ سے ملنے والی لاش ڈاکو کی نکلی،مدعی نے شناخت کرلیا

December 16, 2017

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کورنگی کراسنگ سے گذشتہ روز ملنے والی لاش ڈاکو کی نکلی،مدعی نے ملزم کو شناخت کرلیا،لاش سے ملنے والاموبائل اور سم مدعی کے تھے،چھینی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی کراسنگ شادی ہال کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص کی جمعرات کی رات گولیاں لگی لاش ملی ،پویس کے مطابق لاش کی تلاشی لی تو جیب سے ایک موبائل فون ملا جس میں لگی سم کی شناخت سے طارق نامی شخص سے رابطہ ہوا جس نے بتایا کہ مذکورہ موبائل اس کی ملکیت ہے جس پر پولیس نے طارق کو جناح اسپتال بلا لیا جہاں اس نے لاش کو شناخت کرتے ہو ئے بتایا کہ جمعرات کی شب 10بجے کے قریب کورنگی کراسنگ لکھنو سوسائٹی کے قریب 3مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر 3ہزار روپے نقد ،موبائل فون اور موٹر سائیکل چھینی تھی ،پولیس نے طارق کے بیان کے بعد دوبارہ ہال کے قریب تلاشی لی تو مدعی کی موٹر سائیکل جھاڑیوں سے لاوارث حالت میں مل گئی ، مدعی کے بیان اور شناخت کے بعد ثابت ہوا کہ مرنے والا ڈاکو تھا تاہم اس کی فوری شناخت نہیں ہوسکی اور امکان ہے کہ ڈکیتی کی واردات کے بعد اس کا اپنے ساتھیوں سے کوئی جھگڑا ہوا ہو اور انہوں نے انتہائی قریب سے 2گولیاں مارنے کے بعد لاش کو ہائی روف میں رکھ کر سڑک کنارے پھینک دیا ،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش سرد خانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔