بھارت، پاکستانیوں کوویزے دینے انتہائی کم کردیئے

December 20, 2017

بھارت نے پاکستانیوں کوویزے دینے انتہائی کم کردیئے۔ پاکستان پر رواں برس881بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا۔

جنگ آزادی میں جان دینے والے بھگت سنگھ کو پاکستان نے شہید اعظم کا خطاب دیا جبکہ بھارت نے آج تک انہیں کسی ٹائٹل سے نہیں نوازا۔

رواں برس بھارت کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو سفری دستاویزات جاری کرنے میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

بھارت کے ایوان زیریں’ لوک سبھا‘ کو بتایا گیا کہ رواں برس صرف 34445؍ پاکستانیوں کو بھارتی ویزے جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ برس 52525ء پاکستانیوں نے بھارتی ویزے حاصل کیے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ کرن ریجی جو نے بتایا کہ 34؍ ہزار سے زائد پاکستانی شہریوں کو مختلف کیٹیگری کے تحت ویزے دیئے گئے یہ تعداد گزشتہ برس کے مقابلے میں بیس ہزار کم ہے جبکہ رواں برس بنگالیوں کو 12؍ لاکھ 89؍ ہزار ویزے جاری کیے گئے جبکہ 2016ء میں بنگلا دیشی شہریوں کو نو لاکھ 33؍ ہزار ویزے دیئے گئے۔

لوک سبھا میں پاکستان کے متعلق پوچھے گئے ایک اور سوال جواب میں بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں میں 230؍ فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

پاکستان پر الزام لگایا کہ 2017ء میں پاکستان کی طرف سے 771؍ بار ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ 2016ء میں 228؍ بار 2014ء میں 153؍ بار خلاف ورزی کی گئی جبکہ رواں برس مقبوضہ جموں وکشمیر کے ساتھ سرحد پر 110؍ بار خلاف ورزی کی گئی۔

یوں پاکستان کی طرف سے رواں برس 881؍ بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی اور تیس ہلاکتیں ہوئیں۔

راجیہ سبھا میں یہ مسئلہ اٹھایا گیا کہ بھگت سنگھ کو پاکستان نے شہید اعظم کے خطاب سے نوازا لیکن بھارت کے لئے باعث شرم کی بات ہے کہ بھگت سنگھ کو بھارت نے کسی اعزاز سے نہیں نوازا۔

حکومت نے ایوان بالاکو یقین دہانی کرائی کہ آزادی کی جنگ لڑنے والے بھگت سنگھ، سکھ دیو،راج گرو اور چندرا شیکھر آزاد کو شہید کا درجہ نہ دینے کے معاملے کی مکمل چھان بین ہوگی۔