مغربی کنارے اور غزہ میں مظاہرے، اسرائیلی فائرنگ سے فلسطینی شہید

December 22, 2017

مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے اور غزہ پٹی میں امریکی فیصلے کے خلاف مظاہرے آج بھی نکالے گئے، اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔

جمعہ غضب کے نام سے فلسطین بھر میں آج بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا القدس کو اسرائیل کا دار الحکومت قرار دینے کے فیصلے کے خلاف مظاہرے نکالے گئے، اس سلسلے میں سب سے بڑا مظاہرہ مسجد اقصیٰ کے باہر نکالا گیا۔

جہاں پر پینسٹھ ہزار فلسطینیوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد امریکا اور اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جبکہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں سمیت غزہ پٹی میں بھی مشتعل فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی۔

غزہ پٹی کا علاقہ جبالیا میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔