جو کپڑے نہیں خرید سکتے تھے ،انہوں نے پوری دکان خرید لی

January 08, 2018

سن پچاس کی دہائی میں ایلوس پریسلے نے موسیقی کی ایک نئی صنف متعارف کرائی جو امریکی علاقائی موسیقی، بلوز اور روک اینڈ رول کا ایک حسین امتزاج تھی۔

افریقی فنکاروں کی طرح رقص کرتے ایلوس جب اسٹیج پر آئے تو لوگوں کی سمجھ میں نہیں آیا کہ اس کے بارے میں کیا کہیں لیکن جلد ہی لوگ ان کی موسیقی پر جھومنے لگے اور ایلوس پریسلے روک اینڈ رول کے بادشاہ کہلانے لگے۔

ایلوس کے لباس اور ان کے اسٹائل کا تو آج بھی چرچہ رہتا ہے۔ان کے اسٹائل اور لباس سب سے منفرد ہوتے تھے،ایلوس کوسب سے الگ دیکھنا اچھا لگتا تھا۔

وہ اپنے اسکول کے زمانے میں برنارڈ لانسکی کے بنا ئے کپڑے بہت پسند کرتے تھےاور ایک بار انھوں نے لانسکی کو کہا بھی تھا کہ ابھی تو میرے پاس تمھارے کپڑے خرید نے کے لیےپیسے نہیں ہیں مگر ایک دن میں تمھاری یہ دکان خرید لوں گا۔

اور کچھ ایسا ہی ہوا بھی۔ ایلوس سپر اسٹار بن گئےاورنارڈ لانسکی کے مستقل گاہک بھی۔ لانسکی نے ان کی گاڑی کے رنگ کی مناسبت سے نہایت شوخ رنگوں میں ان کے لباس تیار کیے جو وہ آج بھی بیچتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ میں ان کے کپڑوں کے کھڑے کالرز بناتا تھا، وہ کہتے تھے کہ اس سے میرے بال خراب ہو جاتے ہیں۔ میں نے کہا، یہ اچھا لگتا ہے۔ تم اس میں مختلف نظر آتے ہو۔

جیسے جیسے روک میوزک بدلتا رہا، ایلوس بھی اپنی موسیقی میں تبدیلیاں لاتے رہے۔ ہر سال ٹاپ 40 میں ان کا ایک نغمہ ہوتا لیکن اتنے زیادہ مشہور نغموں کے باوجود ایلوس صرف 3 گریمی ایوارڈز جیت پائے۔

ایلوس نے اپنی نوجوانی میں چرچ میں گانا شروع کیا تھا۔ایلوس کے ایک قریبی دوست کا کہناتھا کہ چرچ میں گانا ایلوس کو پسند تھا۔ ایلوس پریسلے نے اپنے کیریئر کے دوران 800 سے زیادہ گیت گائے اور 33 فلموں میں بطورہیرو اداکاری کے جوہر بھی دِکھائے ۔

ایلوس پریسلے 16 اگست 1977ءمیں42 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجودپریسلے کی سالگرہ کے موقع پر آبائی گھر میمفس میں ان کے بے شمار پرستار بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں ۔ ان کے گھر کے باہر جمع ہونے والے کئی پرستاروں کی عمریں35 سال سےکم ہوتی ہیں یعنی ان کی وفات کے وقت وہ پیدا بھی نہیں ہوئے تھےپھر بھی ان کو ایلوس کی گلوکاری پسند ہے۔

ایلوس کی موسیقی آج بھی لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہے۔ اگر وہ زندہ ہوتے تو83سال کے ہوتے لیکن ان کے مداحوں کے لیے ان کی موسیقی ہمیشہ جوان رہے گی۔