زینب کے قاتل کو زندہ پکڑا جائے، اعتزاز احسن

January 13, 2018

رہنما پیپلز پارٹی اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ زینب کے قاتل کو زندہ پکڑا جائے، کہیں مقابلے میں نہ مار دیں، شہباز شریف کے مورکو بلی نے مار دیا ہوتا تو ایکشن ہو جاتا۔

اعتزاز احسن نے قصور میں زینب کے والد سے ملاقات اور تعزیت کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ قاتل کو زندہ حالت میں گرفتار کیا جائے ،سیریل کلر نشانیاں چھوڑتا جاتا ہے ، گرفتاری مشکل نہیں، ڈر ہے کہ شہباز شریف اپنی روایت کے مطابق مجرم کو مقابلے میں مروا نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ قصورمیں بچوں کی سیریل کلنگ ہورہی ہے، حالیہ واقعات پرپولیس کی لاتعلقی نظر آرہی ہے، زینب تو ہم سے بچھڑ گئی لیکن قصور کے عوام نے بڑی بیماری کی تشخیص کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی سیکورٹی پر تین ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، شریف خاندان جس طرف جاتا ہے سڑکیں بند ہوتی ہیں، روٹ لگے ہوتے ہیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں صحیح ملزم گرفتار ہو، ملزم کو کسی جعلی پولیس مقابلے میں مار نہ دیا جائے، ڈی این اے رپورٹس میں کوئی رد و بدل نہ کی جائے، اصل ملزم کو پکڑکر قرار واقعہ سزادی جائے، دو شہریوں کو شہیدکرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔