گلگت بلتستان کیلئے پی آئی اے کی سروسزکو بہتر بنایا جارہا ہے

January 16, 2018

استور(اے پی پی )پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر مشرف رسول نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کیلئے پی آئی اے کی سروسزکو بہتر بنایاجارہا ہے، سیاحت کے سیزن میں چارٹر فلائٹس شروع کی جائیں گی۔سیاحوں کی سہولت کیلئے فلائٹس میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسکردو میں سینئر وزیر اکبر تابان اور کمشنر بلتستان حمزہ سالک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، سی ای او پی آئی اے اسکردو کے دورے پر ہیں اور ان کے ہمراہ پی آئی اے کے جنرل منیجر سیلز فرحان سمیع اللہ،جنر ل منیجر ذوالفقار مہدی، ڈسٹرکٹ منیجر اسلام آباد اظہر جمال بھی موجود تھے، پی آئی اے کے سی ای او نے اس موقع پر کہا کہ اسکردو کے دورے کے مقصد صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی مشاور ت سے پی آئی اے کی سروس میں مزید بہتری کے امکانات کا جائزہ لینا ہے کیونکہ گلگت بلتستان میں گزشتہ دو سالوں سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے حکومت کی بہتر پالیسیوں سے امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اگر پی آئی اے کی فلائٹس چلتی رہیں تو بلتستان میں سیاحوں کی آمد اور بھی بڑھ جائے گی ۔