ملالہ کی زندگی پر بالی ووڈ فلم کی مقبوضہ کشمیر میں شوٹنگ

January 17, 2018

لڑکیوں کی تعلیم کے لئے کام کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بنائی جانے والی بالی ووڈ فلم ’گل مکئی‘ کی مقبوضہ کشمیر میں شوٹنگ جاری ہے۔

فلم میں بھارتی ٹی وی اداکارہ ریم شیخ ملالہ یوسف زئی کا کردار ادا کررہی ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں دیویا دتہ، مکیش راہی، ابھیمانیو سنگھ اور اعجاز خان شامل ہیں جبکہ 150کے قریب مقامی فنکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔

ریم شیخ جانی پہچانی چائلڈ اسٹار ہیں، انہوں نے 2009ء میں ٹی وی ڈراموں سے اپنے کیریئرکا آغاز کیا، اُن کے مشہور ڈراموں میں ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘، ’دیا اور باتی ہم‘ اور دیگر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ وہ امیتابھ بچن اور فرحان اختر کی فلم ’وزیر‘ میں بھی کام کرچکی ہیں۔

آنند کمار کی پروڈکشن میں بننے والی فلم میں ہدایت کار کے فرائض امجد خان انجام دے رہے ہیں۔

مقبوضہ وادی میں فلم کی شوٹنگ3جنوری سے شروع ہوئی جو مزید 10روز تک جاری رہے گی جبکہ فلم رواں سال جون میں ریلیز کی جائے گی۔