عمران، زرداری اختلافات برقرار دونوں رہنماؤں کا ساتھ مشکل

January 18, 2018

کراچی (سید منہاج الرب ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سرپرستی میں ہونے والے جلسے میں طاہر القادری عمران خان اور آصف علی زرداری کو ایک کنٹینر پر تو لے آئے لیکن ایک ساتھ نہ لاسکے جس سے یہ بات بالکل ثابت ہوگئی ہے کہ آصف علی زرداری اور عمران خان کے درمیان واضح اختلافات موجود ہیں اور مستقبل میں دونوں رہنمائوں کا ایک ساتھ ہونا مشکل ہے ، اپوزیشن کی کئی جماعتوں نے ملکر بدھ کو حکومت پر دبائو بڑھانے کیلئے جلسہ کیا ، گو کہ جلسے میں توقع کی جارہی تھی کہ عوام کی بڑی تعداد آئے گی لیکن ایسا کرنے میں اپوزیشن کی جماعتیں ناکام نظر آئیں اور میڈیا کی جانب سے خالی کرسیاں دکھا کر اس بات کو واضح کر دیا گیا کہ گزشتہ روز کا جلسہ ایک بڑا جلسہ ثابت نہ ہوسکا، طاہر القادری کی سرپرستی میں ہونے والے اس جلسے میں سیاسی رہنمائوں کی جانب سے پر اثر تقریروں سے بھی محروم نظر آیا، عمران خان ، آصف علی زرداری، طاہر القادری، چوہدری برادران سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے کوئی واضح اقدام کی طرف اشارہ کیا اور نہ ہی کوئی متفقہ فیصلہ کرنے میں کامیاب ہوسکے، جو اس بات کا بھی غمازی ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جلسے سے قبل آئندہ کے لائحہ عمل پر متفق نہ ہو سکیں، عام انتخابات سے چند ماہ قبل اس طرح کے جلسے جس میں حکومت کو گرانے کی کوشش کی جائے وہ کبھی مؤثر نہیں ہو سکتی اور اس سے ملک میں جمہوریت کو ہی نقصان ہوگا۔