ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ، 2وکٹ پر 104رنز

January 19, 2018

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آج پانچواں اور آخری میچ ویلنگٹن میں شروع ہوگیا ہے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 3بجے شروع ہوا، میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اب تک 18.4اوورز میزبان ٹیم نے 2وکٹوں کے نقصان پر 104رنز اسکور کرلیے ہیں۔

آئوٹ ہونے والے کیوی بیٹسمن کولن منرو اور کپتان کین ولیم سن ہیں، جنہوں نے بالترتیب 34اور 22رنز بنائے۔ منرو آئوٹ ہونے والے پہلے بیٹسمین تھے انہیں رومان رئیس نے آئوٹ کیا جبکہ ولیم سن کی وکٹ عامر یامین کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل پانچویں ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آج کےمیچ میں گرین شرٹس کی جانب سے3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں عامر یامین ، محمد نواز اور عمر امین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور یہ تینوں کھلاڑی محمد عامر، حسن علی اور ان فٹ شعیب ملک کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک چوتھے ایک روزہ میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے سر پر گیند لگنے کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے۔

ادھر میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، جہاں انہوںنےفاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

یاد رہے کہ 5 ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان کیوی ٹیم کو 0-4 کی برتری حاصل ہے جبکہ وائٹ واش سے بچنے کے لیے گرین شرٹس کے لیے آج کے میچ میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے۔