تحریک انصاف کے ارکان کی پارلیمنٹ پر لعنت ملامت لیکن تنخواہیں قبول

January 20, 2018

اسلام آباد (فخر درانی) عمران خان کی پرلیمنٹ پر لعنت ملامت کی تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے بھی توثیق کی ہے لیکن وہ حیرت انگیز طورپر وہ اپنی تنخواہوں اور مراعات کی قربانی دینے لیے تیار نہیں ہیں۔ ایوان زیریں میں تحریک انصاف کے 32اور ایوان بالا سینیٹ میں 7ارکان ہیں۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی لعنتی پارلیمنٹ کو اپنی تنخواہیں اور مراعات واپس کرنے پر آمادہ نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے پارلیمنٹ کی تضحیک پر منبی عمران خان کے بیان کی مکمل طورپر توثیق کی۔ کیونکہ ان کے خیال میں پارلیمنٹ بحث و مباحثے کے کلب سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ تاہم تنخواہیں واپس کرنے کے حوالے سے سوال کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ وہ سمجھ رہے تھے کہ وہ دی نیوز نہیں بلکہ کسی اور ادارے کے نمائندے سے گفتگو کررہے ہیں۔ شناخت پر وہ چپ ہوگئے البتہ ان کا کہنا تھا کہ مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے والا ایوان مقدس کیسے ہوسکتا ہے؟ انہوں نے کہا توقع ہے عمران خان ملک کے آئندہ وزیر اعظم ہوں گے اور وہ اس ایوان کا وقار بحال کریں گے۔ نو شہرہ سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک نے بھی عمران خان کے بیان کی توثیق کرتےہوئے تنخواہ اور مراعات واپس کرنے کے حوالے سے کہا وہ اس کے حقدار ہیں اور اسے واپس کیوں کریں؟رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے ہم نے بہتر طورپر اپنے فرائض انجام دئیے لیکن قومی اسمبلی کو شریفوں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا۔ میانوالی سے رکن قومی اسمبلی امجد علی خان نے کہا کہ قومی اسمبلی سے تنخواہ اور مراعات ان کا حق ہے اور اسے واپس نہیں کریں گے ۔