نواز عمران مقدمات ایک پیمانے سے نہیں ناپے گئے،اکرم شیخ

January 21, 2018

کراچی(جنگ نیوز)سینئر قانون دان اکرم شیخ نے کہا ہے کہ پاکستانی عدالتی نظام قابل فخر نہیں ہمہ گیر تبدیلی کی ضرورت ہے، عدلیہ کے احتساب کا کوئی نظام نہیں ، یہاں کوئی تھرڈ پارٹی آڈٹ نہیں ، ججز خود ہی بیٹھتے ہیں اور خود ہی جائزہ لیتے ہیں، ہمارے عدالتی نظام کی کوئی بھی کل سیدھی نہیں ہے، نواز شریف اور عمران خان کے مقدمات کو ایک پیمانے سے نہیں ناپا گیا، جو قوانین نواز شریف پر لاگو ہوئے وہ عمران خان پر لاگو نہیں ہوئے، سول سوسائٹی کی قدآور شخصیات کو سپریم جوڈیشل کونسل میں شامل کیا جائے، بھارتی چیف جسٹس کے ساتھ چار سینئر ترین ججوں نے چیف جسٹس کی طرف سے بات نہ سننے پر پریس کانفرنس کی، بھارت میں 5سینئر ججز پالیسیاں بناتے اور بیچ کا تقرر کرتے ہیں۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ سینئر ماہر قانون اکرم شیخ نے پروگرام میں سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک زوال پذیر معاشرہ ہیں،یہاں مقننہ، سول سوسائٹی اور انتظامیہ میں ہمہ جہتی زوال ہے، عدلیہ بھی معاشرے کی ہی عکاس ہے، پاکستان کا عدالتی نظام قابل فخر نظام نہیں ہے، ہمارے عدالتی نظام کی کوئی بھی کل سیدھی نہیں ہے۔