موجودہ دور میں ملازمین کے روزگار کا تحفظ بنیادی مسئلہ ہے،حبیب جنیدی

January 22, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حبیب بنک ورکرز فرنٹ کے سرپرست،سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ سرمایہ دارانہ نظام کے عروج کے اس دور میں ملازمین کے روزگار کا تحفظ ہی بنیادی مسئلہ ہے اور ورکرز فرنٹ بڑی سے بڑی قربانی دے کر بھی یہ فریضہ ادا کرے گا۔وہ فرنٹ کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل ،جنرل کونسل اور ریجنل ورکنگ کمیٹیز کے مشترکہ اجلاس میںمہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے جس میں متعدد دیگر شہروں سے عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس سے مرکزی سیکرٹری جنرل ملک ظفر اقبال، صدر حاجی محمد یعقوب،ناصر الدین محمود، ملک اللہ یار اعوان، شفقت غفور خلیل،علی اکبر قادری،خان محمد خان،عبدالرزاق یوسفزئی ،رانا علی شیر،رانا منور احمداور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔حبیب جنیدی نے کہا کہ ایک منظم منصوبے کے تحت ڈاؤن سائزنگ اور نام نہاد گولڈن ہینڈ شیک اسکیم کی آڑ میں ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا گیامگر ورکرز فرنٹ کسی قیمت پر ، کسی بھی حال میں اور کسی بھی طاقت کو محنت کشوں کے معاشی قتلِ عام کی اجازت نہیں دے گا اور آزمائش کی صورت میں ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔