پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر فوج بھیجنا توہین ہے ، صاحبزادہ ابوالخیر

February 21, 2018

کراچی ( پ ، ر) جمعیت علماء پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پاک فوج کے مزید دستے سعودی عرب بھیجنے کے فیصلہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر اتنا بڑا فیصلہ پارلیمنٹ کی توہین ہے یہی وجہ ہے کہ اس پر دونوں ایوان سینیٹ اور قومی اسمبلی میں سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمراں اپنی تقریروں میں روزپارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتے ہیں انہیں جواب دینا چاہئے کہ پارلیمنٹ کی متفقہ قرار دادوں کی رو سے پارلیمنٹ نے حکومت کو سعودی عرب اور یمن کے تنازعہ میں غیر جانبدار رہنے کو کہا ہے کیا موجودہ حکومت کے اس اقدام نے کسی وضاحت اور تفصیل کے بغیر مزید فوجی دستے بھیج کر اس متفقہ قرارداد کی خلاف ورزی نہیں کی انہوں نے کہا کہ یہ بڑاسنگین اور احساس معاملہ ہے حکمرانوں کو اس معاملہ میں اپنے ذاتی مفادات کی بجائے ملکی مفاداور ملک کی سرحدوں کی تشویشناک صورتحال کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔