جسٹن ٹروڈو کی شاہ رخ خان اور متعدد بالی ووڈ اسٹارز سے ملاقات

February 21, 2018

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کنگ خان اور دیگر بھارتی اسٹاز سے ملاقات کی۔

بھارتی اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق جسٹن ٹروڈواپنے اہل خانہ کے ہمراہ ان دنوں بھارت کے 7 روزہ دورے پر ہیں جہاں انہوں نے شاہ رخ خان سمیت متعدد بالی ووڈ اسٹارز سے ملاقات کی۔

ٹروڈواور ان کی فیملی نے بھارت میں دورے کے دوران تاج محل، ہمایوں کا مقبرہ، بادشاہی مسجد سمیت دیگرخوبصورت جگہوں کا دورہ کیا۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک ارب ڈالر کے 66 معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے جن میں فلم انڈسٹری سے متعلق معاہدہ بھی شامل ہے۔

گزشتہ روز جسٹن ٹروڈو کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان، عامر خان، انوپم کھیر سمیت متعدد اداکاروں کے ساتھ ملاقات کی۔

تقریب کے دوران جسٹن ٹروڈو سنہرے رنگ کی شیروانی پہنے نظر آئے جبکہ ان کی اہلیہ صوفی ساڑھی پہنی ہوئیں تھیں ۔جس میں دونوں ہی بے حد خوبصورت لگ رہے تھے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر جسٹن ٹروڈو نے بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ تصویر ٹویٹ کی اور کنگ خان سے ملاقات کو خوشگوار قراردیتے ہوئے کہا کہ’ ہم آج کینیڈین فلم انڈسٹری اور بالی ووڈ کے درمیان مضبوط تعلقات اور تعاون کا جشن منارہے ہیں اور اس میں شاہ رخ خان سے بہتر کوئی اور مدد نہیں کرسکتا تھا۔‘

نامور بالی ووڈ ہدایت کار اور اداکار فرحان اختر نے کینیڈین وزیر اعظم سے ملاقات کو اعزاز قراردیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے جسٹن ٹروڈو کو ’’سر‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صنفی امتیاز کے خاتمے میں آپ کی قیادت ہم سب کے لیے متاثر کن ہے۔

تقریب میں جسٹن ٹروڈو نے بالی ووڈ کے مسٹرپرفیکشنسٹ عامر خان کےساتھ بھی ملاقات کی۔

جسٹن ٹروڈو نے دورہ بھارت کے دوران تاج محل کا بھی دورہ کیا اور تصاویر بھی بنوائیں بعدازاں انہوں نے تصاویر ٹویٹر پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں جب پہلی بار تاج محل دیکھنے آیاتھا تو اپنے بیٹے کی عمر کا تھا، اور اب تقریباً 35 سال بعد دوبارہ اپنی فیملی کے ساتھ یہاں آنا بہت اچھا لگ رہاہے۔