رسول معظم ﷺنےانسانیت سےدنیاکوروشناس کرایا، مولانا عبدالاعلیٰ

February 22, 2018

لوٹن(پ ر)امت محمدیہ کی تشکیل ایمان کی بنیادوں پرنیکی پھیلانے اور برائی مٹانے کی غرض کی گئی ہے ،سابقہ امتوں نے اپنادین اسلام سے بدل کریہودی یاعیسائی رکھنے کی بدعت ایجاد کرلی تھی جس کی وجہ سے دنیا فساد اورظلم کفروشرک سے بھرگئی تھی ، اس پورے ظالمانہ سسٹم کو رسول رحمت کی بعثت سے حق تعالی نے بدلا تھا۔ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین مولاناعبدالاعلیٰ درانی نے بری پارک اسلامک سنٹر لوٹن میں امت محمدیہ کی فضیلت و فرائض کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ رسالتمآبؐ کی تشریف آوری سے قبل ، بیت اللہ جو بیت توحید تھاتین سو ساٹھ بتوں سے آ لودہ کر دیاگیا، حضرت محمدؐنے دین ابرہیمی کودوبارہ زندہ کیا۔رسول معظم ﷺنےانسانیت سےدنیاکوروشناس کرایاتھااورشرک کے تمام مظاہر مٹا ڈالے ،پورے جزیرہ عرب کو ہرقسم کے شرک و کفرکی آلودگی سے پاک و صاف کر دیا۔انہوں نے کہاکہ اس صدی میں رسول رحمت ؐکے مقصد بعثت کو فراموش کردیا گیا۔مولاناعبدالاعلیٰنے کہاآنحضورکے دیے ہوئے اصولوں دیانت ، قانون کی پیروی ، مساوات و روادری کواپنا کریورپ نے دنیا والوں کیلئے کشش پیدا کررکھی ہے کیونکہ یہ چیزیں مسلم ممالک کے ہاں ناپید ہیں،وہاں مساوات و رواداری بے سدھ ہوئی پڑی ہے ،ان ناگفتہ بہ حالات کو بدلنا ہوگا،اور اسوہ نبی کواپناکران کی امت کوراہ راست پر لاناہوگا۔امربالمعروف اور نہی عن المنکرکافریضہ قرآن وسنت کی روشنی میں سرانجام دینا ہوگااسلام ہی دنیا کاسب سے جدیدترین دین ہے۔