یوم خواتین پر تقریبات ہوں گی، مقبوضہ کشمیر میںعورتوں اور بچوں پر بھارتی مظالم اجاگر کریں گے، تحریک حق خودارادیت

February 23, 2018

مانچسٹر( جنگ نیوز) جموںکشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کشمیری وپاکستانی تنظیموں اور خواتین رہنمائوںکی معاونت سے خواتین کے عالمی دن 8مارچ سے لے کر 27 مارچ تک تقریبات منعقدہ کرے گی۔ تحریک کی برطانیہ میں چیئر پرسن کونسلر یاسمین ڈار سیکرٹری جنرل صدر اعظم اور دیگر رہنمائوںکے ہمراہ 8مارچ کو برسلز جائیں گی جہاںنارتھ ویسٹ سے ممبر ارکان پارلیمنٹ جولی وارڈ ایم ای پی اور واجد خان ان کی معاونت کریںگے۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین یارکشائر کی خواتین رہنمائوں کے ہمراہ ویکفیلڈ میںیارکشائر سے یورپی ممبر پارلیمنٹ لنڈا میکائون ایم ای پی اور لیڈز کی ممبر پارلیمنٹ ریچل ریوز ایم پی کی طرف سے منعقدہ تقریب میںشرکت کریںگے جب کہ تحریک کی یارکشائر سے رہنما عطرت علی، ہیری بوٹا، ڈیوز بری میں کنزرویٹو پارٹی کی رہنما اور ورکس اینڈپنشن کی وزیر الیسٹر میکوائے تقریب میں شرکت کرکے مقبوضہ کشمیر میںخواتین اور بچوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن پر فائرنگ اور سویلین شہادتوں سے بھی آگاہ کریںگے۔ برطانیہ بھر میں تقریبات کے بعد تحریک کے زیر اہتمام آخری تقریب 27 مارچ کو برطانوی پارلیمنٹ میںجسٹس کانفرنس ہوگی جس میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سے بھی مندوبین شرکت کریںگے جس کے لئے آل پارٹیز کشمیر گروپ کے چیئرمین کرس لیزلے ایم پی اور دیگر عہدیدار معاونت کریںگے۔ ان پروگراموںکی منظوری تحریک کے ایک خصوصی مشاورتی اجلاس میںدی گئی جس کی صدارت تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کی جب کہ اس میں یورپی پارلیمنٹ میںنارتھ ویسٹکے ارکان واجد خان ایم ای پی،جولی وارڈ ایم ای پی، تحریک کے سیکرٹری جنرل محمد اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلر یاسمین ڈار، یارکشائر کے سیکرٹری کونسلر اصغر خان قریشی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق کوآرڈینیٹر ساجد قریشی نے بھی شرکت کی۔ راجہ نجابت حسین نے اجلاس کو بتایا کہ ہماری حالیہ کوششوں سے جہاں برطانوی اور یورپی ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اپنے ایوانوں میںمسئلہ کشمیر اٹھایا ہے وہیں کنٹرول لائن پر حالیہ شہادتوں کو زیر بحث لانے کے علاوہ مسئلہ کشمیر کے پرامن سیاسی حل کیلئے برطانوی اور یورپی پارلیمنٹ میںہمارے دوستوںنے اپنی کوششوں کو تیز کردیا ہے۔ دونوں پارلیمنٹس کے گروپوں نے صدر آزاد کشمیر، وزیراعظم آزاد کشمیر اور انسانی حقوق کی تنظیموںکے عہدیداروںکو کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سے مارچ کے آخری ہفتے میں دعوت دی ہے جس کے لئے تحریکی عہدیدار انتظامات کو آخری شکل دے رہے ہیں۔