کراچی: لیڈیز پولیس کی مسافر بسوں کی چیکنگ

March 05, 2018

مسافر گاڑیوں میں سفر کرنے والی خواتین کو مسائل سے بچانے کے لیے لیڈیز پولیس حرکت میں آگئی ۔

ایس ایچ او ویمن پولیس سیدہ غزالہ کی نگرانی میں پولیس کی لیڈیز فورس نے مختلف بسوں کی تلاشی لی۔ مسافر بسوں میں سفر کرنے والی خواتین سے مسائل سنے اور بسوں کے بارے میں شکایات درج کیں۔

اس موقع پر بسوں کے لیڈیز کمپارٹمنٹ میں سفر کرنے والے 3مردوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔

ویمن پولیس کی اس کارروائی میں حقوق نسواں کا خیال نہ رکھنے والی 2 بسوں کے ڈرائیوروں کو ٹریفک پولیس کے حوالے کر کے ان کی گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔

کراچی کے علاقے صدر میں لکی اسٹار پر کی گئی اس اچانک ویمن پولیس چیکنگ میں نئی بھرتی ہونے والی لیڈیز پولیس اہلکاروں کی ریہرسل بھی کرائی گئی۔