کراچی سے القاعدہ کامبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

March 10, 2018

کراچی کے علاقے مومن آباد سے القاعدہ کا مبینہ دہشت گرد حسن مسعود گرفتار کر لیا گیا،ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں کارروائی کرکے بھاری اسلحہ برآمد کر لیا ۔

حکام کے مطابق مومن آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتارالقاعدہ کے مبینہ دہشتگرد حسن مسعود کی نشاندہی پر کارروائی کی گئی اور اورنگی ٹاؤن میں کرائے کے مکان میں چھپایا گیا بھاری اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

برآمد اسلحے میں ایک کلاشنکوف، چار رپیٹر اور ایک ماوزرشامل ہے، کارروائی کے دوران بھاری ایمونیشن بھی برآمد کیا گیا۔

القاعدہ کے مبینہ دہشتگرد حسن مسعود اور اس کے ساتھیوں محمد عامر خان عرف عباس عرف یامین، ارشاد اللہ عرف نیاز اور کامران اسلم عرف کامران بھٹی کی تصویر بھی جیونیوز نے حاصل کرلی ہے۔

پولیس کی کارروائی کے دوران حسن مسعود کے دو ساتھی مارے جاچکے ہیں جبکہ ایک مفرور ہے، کامران اسلم عرف کامران بھٹی منگھوپیر مقابلے میں مارا جا چکا ہے۔

عامر عرف عباس عرف یامین افغانستان میں ڈرون حملے میں مارا گیا جبکہ صرف ایک ساتھی ارشاد اللہ عرف نیاز مفرور ہے، حسن مسعود سانحہ صفورہ اور سبین محمود کے قتل میں سزا پانے والے طاہر منہاس اور سعد عزیز کا قریبی ساتھی ہے جبکہ یہ خود گلشن اقبال میں بم فیکٹری چلانے سمیت پولیس اہلکاروں، بوہری برادری کے قتل اور دھماکوں میں ملوث ہے۔