پی ایم ڈی سی کی جانب سےڈاکٹریٹ کی سند کو تسلیم نہ کرنا افسوسناک ہے،ڈاکٹر جمیل

March 17, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے پی ایم ڈی سی کی جانب سے جنرل جامعات بالخصوص جامعہ کراچی اور سندھ یونیورسٹی کی جانب سے ایم فل اور ڈاکٹریٹ کی سند کو تسلیم نہ کرنے کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیسک سائنس، مائیکرو بیالوجی، فزیالوجی، بائیو کیمسٹری اور فارمیسی میں سب سے زیادہ ایم فل اور پی ایچ ڈی اساتذہ جنرل جامعات میں ہیں اور دنیا بھر میں سرکاری جنرل جامعات کی اسناد تسلیم کی جاتی ہیں۔ یہ تمام اسناد ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ہیں مگر نجی میڈیکل جامعات کی بالادستی قائم کرنے کے لئے پی ایم ڈی سی کا ایم فل اور پی ایچ ڈی کی اسناد تسلیم کرنا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2سو سے زائد ایم فل اور پی ایچ ڈی کی سند روک کر پی ایم ڈی سی کس کی خدمت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیکل جامعات کے جتنے بھی وائس چانسلر ہیں ان کے پاس جنرل جامعات کی ایم بی بی ایس کی ڈگری ہے لہٰذا وہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کے لئے پی ایم ڈی سی میں آواز بلند کریں اور انھیں موقع دیں کیں ایسا نہ ہو کہ یہ قابل افراد دلبرداشتہ ہو کر پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک چلے جائیں۔