جرمنی میں رہائش پذیر مسلمان جرمنی کا حصہ ہیں، انجیلا میرکل

March 17, 2018

جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ جرمنی میں رہائش پذیر مسلمان اور ان کا مذہب اسلام دونوں جرمنی کا حصہ ہیں۔

انجیلا میرکل کا یہ بیان جرمنی کے وزیر داخلہ کے حالیہ مسلم مخالف بیان کے بعد دیا گیا ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے والے قدامت پسند سیاستدان ہورسٹ زیہوفر نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام جرمن ثقافت کا حصہ نہیں ہے۔

سیاسی مبصرین نے اس بیان پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی کی نئی حکومت دائیں بازو کی سیاست کی طرف مائل ہو سکتی ہے لیکن میرکل نے جواب میں کہا کہ جرمنی میں 40 لاکھ مسلمان اور ان کا مذہب اس ملک کا اہم حصہ ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں میں ہم آہنگی پیدا کی جائے۔

گزشتہ برس نومبر میں ہوئے پارلیمانی الیکشن کے بعد جرمن چانسلر انجیلا میرکل کی قیادت میں وسیع تر مخلوط حکومت نے بدھ کے دن ہی حلف اٹھایا ہے۔