ای سی ایل کیلئے نواز شریف کے نام کی سفارش کرنیوالا افسر تبدیل

March 17, 2018

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کے بچوں کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کرنے والے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو تبدیل کرکے اکنامک افیئر ڈویژن بھیج دیا گیا۔

نیب میں شریف خاندان کے خلاف کیسز کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے لیے وزار ت داخلہ کوبھیجے گئے جس پر وزارت داخلہ نے معاملہ وزارتِ قانون کو بھیج دیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت قانون نے وزارت داخلہ کو جواب میں کہا کہ نام طے شدہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کے تحت ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

جس پر سیکریٹری داخلہ ارشد مر زا نے معاملہ وزیرداخلہ احسن اقبال کو بھیج دیا۔

اسی دوران نیب نے ایک بار پھر وزارت داخلہ سے رابطہ کیا تو ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ شیر افگن نیازی نے نام ایس او پی کے تحت ای سی ایل پر ڈالنے کی سفارش کی تو مبینہ طور پر انہیں تبدیل کردیا گیا۔

تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شیرافگن دہری شہریت کے حامل بھی تھے، انہیں اسی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔