حمزہ یوسف کا اسلاموفوبیا ریمارکس پر لیبر کونسلرکو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ

March 18, 2018

گلاسگو (طاہر انعام شیخ)سکاٹ لینڈ میں لیبرپارٹی کے ایک کونسلر کو ٹرانسپورٹ منسٹر حمزہ یوسف کے بارے میں اسلاموفوبیا پر مبنی ریمارکس دینے پر معطل کردیاگیا تاہم حمزہ یوسف نے کونسلر کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈنریز اینڈگیلووے کے کونسلر جم ڈیمپسیٹر (Jim Depmester) نے ٹرانسپورٹ کے حکام کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران حمزہ یوسف کے متعلق کہا کہ کسی نے ان کو اپنے برقعہ میں نہیں دیکھا ہوگا(no one would have seen under his Burka)جب مسٹر جم ڈیمپیسٹر کو ان ریمارکس پر ہر طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بننا پڑا تو انہوں نے فوراً اس پر حمزہ یوسف سے غیرمشروط تحریری معافی مانگ لی اور کہا کہ وہ اپنی اس حرکت پر زبردست شرمندہ ہیں، اور وہ کسی بھی قسم کا جواز پیش نہیں کرسکتے۔ سکاٹش لیبرپارٹی کے سربراہ رچرڈ لیونارڈ نے کہا کہ انہوں نے بھی لیبر کونسلر کی حرکت پر حمزہ یوسف سے معافی مانگی ہے ہم نے جم ڈیمپیسٹر کو معطل کردیا ہے اور ان کے خلاف مکمل کارروائی کی جائے گی، حمزہ یوسف نے کہا کہ وہ جم ڈیمپیسٹر کی معافی قبول نہیںکرتے اور کہا کہ وہ فوراً اپنی کونسلرشپ سے استعفیٰ دیں۔ ساتھ ہی انہوں نے سکاٹش لیبر پارٹی کے لیڈر سے مطالبہ کیا کہ وہ جم ڈیمپیسٹر کو پارٹی سے بھی نکال دیں۔