سکھرپولیس کا اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈائون، 27 گرفتار، 27 کلینکس سیل

March 19, 2018

سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس نے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا، مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے 27 اتائی ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا گیا، غیر قانونی طور پر قائم 27 کلینکس کو سیل کرکے 8مقدمات درج کرلئے گئے۔ سکھر کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پولیس کی جانب سے اتائی ڈاکٹروں کے خلاف اتنے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا گیا ہے۔سندھ ہائی کورٹ سکھر میں محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سکھر، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں 571 اتائی ڈاکٹرز انسانی زندگیوں سے کھیلنے میں مصروف ہیں جس پر عدالت نے حیرت اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے تمام ضلعی افسران کو سختی سے حکم دیا کہ تمام اتائی ڈاکٹرز اور غیر قانونی کلینکس کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے ، اتائی ڈاکٹروں کے کلینکس کو سیل کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں مگر محکمہ صحت کے افسران کی جانب سے اتائی ڈاکٹرز کیخلاف کوئی خاطر خواہ کارروائی سامنے نہیں لائی گئی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق مسیحائی کے شعبے میں ڈاکٹرز کا لبادہ اوڑھ کر انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کیخلاف بھرپور انداز سے آپریشن کیا جارہا ہے، ضلع کے مختلف تھانوں تماچانی، آباد، دادلو، سنگرار کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے پولیس نے 27 اتائی ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا ہے جو کہ غیر قانونی طور پر کلینکس کھول کر علاج و معالجے کے نام پر لوگوں کو لوٹ رہے تھے۔ کارروائی کے دوران 27غیر قانونی کلینکس کو سیل کرکے اتائیوں کیخلاف 8مقدمات بھی درج کرلئے ہیں، انسانی زندگیوں سے کھیلنا سنگین جرم کے زمرے میں آتا ہے، کسی کو بھی انسانی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائیگی۔