کالج لائف کی یاد دلاتی ٹاپ بالی ووڈ فلمیں

March 19, 2018

کالج لائف کسی بھی فرد کی زندگی کا سب سے دلچسپ اور یادگار دور ہوتا ہے، کالج کے دنوں میں ہر کوئی نت نئے تجربات سے گزرتا ہے۔

بالی ووڈ اور کالج لائف کا بھی قریبی تعلق رہا ہے، جہاں اس موضوع پر کئی یادگارفلمیں بنائی گئی ہیں، جو نہ صرف آپ کو یادوں میں لے جاتی ہیں بلکہ ان فلموں کو دیکھ کر دل چاہتا ہے کاش وہ دور پھر واپس آجائے۔

آئیے ہم آپ کو بالی ووڈ کی دس ایسی ٹاپ فلموں کے بارے میں بتاتے ہیں جو کالج لائف پر مبنی ہیں اور اب بھی انہیں دیکھ کر وہ زمانہ یاد آجاتا ہے۔

کچھ کچھ ہوتا ہے

کالج لائف پر بنی فلموں کا ذکر آتے ہی کرن جوہر کی ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ہے کا نام ضرور ذہن میں آتا ہے، اس فلم میں جذبات، پیار، دوستی ، بچھڑنے کا خوف سب کچھ تھا،یہ فلم شائقین کو بے حد پسند آئی اور یقیناً یہ آپ کو بھی کالج کے سنہری دنوں کی یاد دلاتی ہوگی۔

جو جیتا وہی سکندر

اس فلم میں کالج لائف کے جذبات کے ساتھ ساتھ دشمنی بھی تھی، یہ مخصوص کالج تھیم پر مبنی فلم نہیں تھی بلکہ اس میں سائیکل گیم کو بھی شامل کیا گیا، جو جیتا وہی سکندر نے 90ء کے اوائل میں بالی ووڈفلموں میں کالج تھیم فلموں کے انداز کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔

تھری ایڈیٹس

تھری ایڈیٹس انجینئرنگ کالج کے طلبہ کی قیمتی یادوں کو ایک بار پھر واپس لے آتی ہے، چیتن بگھت کے ناول پر مبنی فلم انجینئرنگ کالج میں طلبہ کو پیش آنے والے واقعات کی حقیقی عکاسی کرتی ہےاور کالج میں گزارے چار سال نظروں کے سامنے گھومنے لگتے ہیں۔

میں ہوں نا

’میں ہوں نا‘بالی ووڈ کی ایسی فلم ہے ،جس میں ماڈرن کالج لائف کی تصویر پیش کی گئی ہے، بطور ڈائریکٹر فرح خان کی یہ پہلی فلم تھی۔

جانے تو یا جانے نا

عباس ٹائر والاکی ’جانے تو یا جانے نا‘ کالج لائف پر مبنی بھرپور تفریح فراہم کرتی فلم ہے، کالج کی لو اسٹوریز سے ہٹ کر فلم میں ایسے دوستوں کو دکھایا گیا ہے جو ایک دوسرے کے لئے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

رنگ دے بسنتی

’رنگ دے بسنتی‘ حالیہ دنوں میں حب الوطنی پر بننے والی بہترین فلم تصور کی جاتی ہے، فلم میں اس جذبے کے ساتھ ساتھ کالج دوستوں کے درمیان مضبوط تعلق کو بھی دکھایا گیا ہے۔فلم صرف دوستی پر مبنی نہیں بلکہ اس میں بدعنوان قوتوں کے خلاف تحریک کو بھی دکھایا گیا ہے۔

اسٹوڈنٹ آف دی ایئر

کرن جوہر کی کالج ڈرامہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کی کہانی لَوٹرائی اینگل پر مبنی ہے، اگر آپ کالج کے زمانے میں اسپورٹس پرسن رہے ہیں تو یہ فلم ضرور دیکھیں۔

منا بھائی ایم بی بی ایس

یہ فلم کالج لائف پر مبنی غیرمعمولی فلم ہے، جو ہرمیڈیکل اسٹوڈنٹس کے لئے مکمل ڈرامہ فلم ہے، فلم میں سنجے دت نے منا بھائی کا کردار بڑی خوبصورتی کے ساتھ نبھایا ہے، فلم میں میڈیکل کالج میں پیش آنے والے واقعات کو الگ ہی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

عشق وشق

جیسا کہ نام سے ظاہرہے ’عشق وشق‘ کالج لَو لائف میں ہونے والی گڑ بڑ پر مبنی ہے، شاہد کپور کی ڈیبیو فلم میں کالج لائف کے دوران پیچیدہ دوستیوں کی درست عکاسی کی گئی ہے۔