یوم پاکستان پریڈ میں متحدہ عرب امارات کا فوجی دستہ بھی حصہ لے گا

March 20, 2018

دبئی (سبط عارف)23مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں حصہ لینے کے لیے متحدہ عرب امارات کا فوجی دستہ بھی اسلام آباد آرہا ہے۔پاکستان کے دفاعی اتاشی ایئر کموڈور محمد اختر نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کا فوجی دستہ اپنے بینڈ کے ہمراہ اسلام آباد میں منعقدہ سرکاری پریڈ تقریب میں حصہ لے گا۔فی الحال اسلام آباد میں 23مارچ کی پریڈ کے حوالے سے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں کیوں کہ یہ پہلا موقع ہوگا جب کہ متحدہ عرب امارات کا فوجی دستہ ، پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ78ویں یوم پاکستان کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ سرکاری تقریب میں شرکت کرے گا۔دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے دفاعی اتاشی ایئر کموڈور محمد اختر نے فخریہ انداز میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے فوجی دستے کا یوم پاکستان کی تقریبات میں حصہ لینا، پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے۔پریڈ کا انعقاد 23مارچ کو شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ اسلام آباد میں ہوگا، جہاں پاکستان کی مسلح افواج جوہری صلاحیتوں کے حامل اسلحہ، ٹینک، جیٹس، ڈرونز اور دیگر ہتھیاروں کے نظام کا مظاہرہ کرے گی۔یوم پاکستان پریڈ سات سال کے وقفے کے بعد 2015میں دوبارہ شروع کی گئی تھی۔ایئر کموڈور محمد اختر کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی افواج کی شمولیت دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید استحکام بخشیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت نے عالمی برادری کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہیں۔واضح رہے کہ یوم پاکستان ، قرار داد لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے، جس میں مسلم لیگ نے مسلمانان برصغیر کے لیے ایک علیحدہ ریاست کا مطالبہ کیا گیا تھا، یہ قرار داد 23مارچ، 1940کومنظور ہوئی تھی۔گزشتہ برس بھی چین کی پیپلز لبریشن آرمی، سعودیہ کا خصوصی فوجی دستہ اور ترکی کے ینی چری ملٹری بینڈ نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کی تھی۔