پیر عتیق الرحمٰن نے ختم نبوت کیلئے زندگی بھر جدوجہد کی، وفات پر مختلف شخصیات کا اظہار افسوس

March 20, 2018

لندن/ ہیلی فیکس/ وٹفورڈ/ ایلڈرشاٹ (نمائندہ جنگ/ پ ر) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمودی چوہدری نے ممتاز عالم دین، جمعیت علماءجموں کشمیر کے صدر و سابق وزیر و آستانہ عالیہ فیض پورشریف کے سجادہ نشین پیر عتیق الرحمٰن کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام ایک حقیقی خدمت کرنے والے اور منکرین ختم نبوت کے خلاف لڑنے والے مجاہد اسلام سے محروم ہوگیا۔ پیر عتیق الرحمٰن نے ختو نبوت کے تحفظ کے ساری زندگی جدوجہد کی۔ ان کا نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ بیرون ممالک میں بھی ایک وسیع حلقہ احباب تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب میرے دیرینہ ساتھی تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین اور ان کے مریدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ دریں اثناء مہتمم جامعہ مسجد نورانی ہیلی فیکس علامہ قاری ظہیر اقبال قادری نے پیر عتیق الرحمٰن آستانہ عالیہ فیض پور شریف کے اچانک انتقال پر ان کے بھائی پیر محمد حبیب الرحمٰن سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک اعلیٰ درجے کے مقرر تھے اور ان کی پوری زندگی دین اسلام کی خدمت میں گزری، تعزیت کرنے والوں میں ہیلی فیکس کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی چوہدری عمر، حاجی انور پاشا، حافظ جنید اقبال، حافظ متین انور اور ظہیم ظہیر بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ممتاز عالم دین مبلغ اسلام مولانا پیر محمد عتیق الرحمٰن سابق وزیر آزاد کشمیر اور سابق ممبر اسمبلی آزاد کشمیر کی اچانک وفات پر وٹفورڈ، ہیمل ہمسٹیڈ و دیگر ٹائونز میں انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے جموں کشمیر برطانیہ کے جنرل سیکرٹری مولانا الطاف نے کہا کہ محمد عتیق الرحمٰن آف ڈھانگری شریف کی دینی، مذہبی، سماجی و تعمیری سرگرمیوں کا احاطہ نہیں کیا جاسکتا۔ وفات سے دین اسلام کا ایک اور چراغ بجھ گیا۔ ان کی وفات سے مذہبی و دینی حلقوں ایک بڑا خلاپیدا ہوگیا ہے۔ مسلم کانفرنس کے رہنمائوں راجہ ذوالکفل نوابی، ریاست بھٹی، ظہیر الدین، مسلم لیگ ن وٹفورڈ برانچ کے صدر راجہ مظہر نوابی، تحریک انصاف وٹفورڈ برانچ کے صدر چوہدری محمد شاہپال، وٹفورڈ کمیونٹی فورم کے رہنمائوں امجد امین بوبی، چوہدری محمد اختر، شفقت اقبال تبسم، ریٹائرڈ کرنل راجہ محمد سلیمان، لائق علی خان، نواز مجید کشمیری، فرنٹ کے رہنمائوں چوہدری محمد سعید، چوہدری محمد رفیق، بھٹی شکر الدین، ظفر اقبال بھٹی نے بھی سجادہ نشین آستانہ عالیہ فیض پور شریف آف چکسواری پیر محمد عتیق الرحمٰن کی اچانک وفات پر انتہائی دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محمد خان نے کہا کہ صاحبزادہ عتیق الرحمٰن فیض پوریؒ کا انتقال ایک بڑاسانحہ ہے۔ وہ ایک جید عالم دین تھے، وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُر نہیں ہوگا۔ چوہدری محمد خان نے کہا کہ ان کو صاحبزادہ عتیق الرحمٰن مرحوم کے ساتھ اسمبلی میں کام کرنے کا بھی موقع ملا جب وہ آزاد کشمیر اسمبلی کے علما مشائخ کی سیٹ پر ممبر تھے، وہ ایک بردبار اور کہنہ مشق مذہبی رہنما تھے۔ ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرنے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا کرے۔