کیس میں کچھ نہیں، پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے، نواز شریف

March 20, 2018

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہمارےکیس میں کچھ نہیں،پھر بھی کچھ نکالا جا رہا ہے،ہم کسی سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتے ۔

احتساب عدالت کے کمرے میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جب پرانے ریفرنس میں کچھ نہیں نکلا تو نئے ریفرنس کیوں دائر کیے، رینٹل پاور اور این آئی سی ایل جیسے کیسز ہیں جن پر کرپشن ثابت ہوئی ہے، ان ریفرنسز کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ صرف میرے والد کے کاروبار کے پیچھے ہی پڑے ہوئے ہیں، اگر حساب لینا ہے تو 1937سے لیں، ہمیں اللہ تعالی نے 1937 سے نوازنا شروع کیا۔

چوہدری نثار کے شکوے اور منانے کے سوال پر نواز شریف نے خاموشی اختیار کی اور اور بعدازاں کہا کہ کسی سے کوئی توقع نہیں رکھنا چاہتے،جب توقع ہی اٹھ گئی غالب توکیا گلہ کرے کوئی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشرف کی واپسی کی خبروں پرہنسا ہی جا سکتا ہے۔

اس موقع پر مریم نواز نے بھی صحافیوں سے بات کی اور کہا کہ پہلے کہا گیا فلیٹ میرے ہیں،پھر وہی ملکیت میاں صاحب پر ڈال دی، ہم سے پوچھتے ہیں کہ اثاثے کیسے بنائے، آپ نے کرپشن کا الزام لگایا ہے کرپشن ثابت کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے تسلیم کیا کہ آف شور کمپنی ان کی ہے لیکن انہیں کہا جاتا ہے نہیں نہیں تمُ ٹھیک ہو۔