وزیر اعظم کے قافلے پر حملے میں حماس ملوث ہے ،فلسطینی صدر

March 20, 2018

فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم رامی حمداللہ کے قافلے پر حملے میں حماس ملوث ہے، انہوں نے اسرائیل میں امریکی سفیر کے لیے بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا۔

فلسطین کے صدر محمود عباس نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعظم رامی حمد اللہ کے قافلے پر حملے میں حماس ملوث ہے ۔ انہوں نے حماس کے ساتھ مفاہمانہ پالیسی ختم کرنے کی دھمکی بھی دی۔

انہوں نے دھماکے میں حماس کے ملوث ہونے کے شواہد پیش نہیں کیے تاہم یہ کہا کہ انہیں حماس کی جانب سے دیانتدارانہ تحقیقات پر اعتماد نہیں ہے ۔

گزشتہ ہفتے رامی حمداللہ حماس کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا تھا تاہم وہ محفوظ رہے تھے ۔ فلسطینی انٹیلی جنس کے سربراہ ماجد فراج بھی اس قافلے میں موجود تھے ۔

فلسطینی صدر نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیرڈیوڈ فرائیڈ مین کے لیے بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا ۔

ڈیوڈ فرائیڈ مین کا کہنا ہے کہ فلسطینی صدر نے مجھے گالی دے کر یہودی دشمنی کی۔

ادھر وائٹ ہائوس سے جاری بیان میں محمود عباس کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ محمود عباس نفرت یا امن میں کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔