انسانی حقوق کمیٹی اجلاس ،مشال کیس پر اسپیشل سیکرٹری کے پی،ڈی پی او کی بریفنگ

March 22, 2018

اسلام آباد( ٹی وی رپورٹ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کا اجلاس گزشتہ روز بابر نواز کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں میں مشال قتل کیس پر اسپیشل ۜسیکرٹری برائے خیبرپختونخواہ امتیاز ایوب اور ڈی پی اومردان محمد سعید نے بریفنگ دی جس پر چیئرمین کمیٹی نے جے آئی ٹی کی رپورٹ اور چاروں صوبائی اوروفاق کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہوں کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔بریفنگ کے دوران کمیٹی کو بتایا گیا کہ مشال یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف کرپشن ،بھرتیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھاتا تھا لیکن مشال پر بھی مختلف فوجداری مقدمات تھے۔ مشال ملحدانہ عقائد پر بات چیت کرتا تھا لبرل ازم پر مذہب کے خلاف کھلا بولتا تھا جس پر اس کے خلاف ایک فضا بن چکی تھی ،یونیورسٹی انتظامیہ بھی اس پلاننگ کا حصہ بن گئی تھی جس پر ہجوم نے اس کے خلاف اپنا غصہ نکلا اور مار ڈالا، جس پر انسانی حقوق کمیٹی نے جے آئی ٹی سے اگلے اجلاس میں ابھی تک ہونے والی تفتیش اور یونیورسٹی انتظامیہ کو طلب کرلیا ہے۔ انسانی حقوق کمیشن کے نمائندے چوہدری شفیق نے بتایا کہ مشال انتہا پسندانہ عزائم رکھتا تھا جس پر انسانی حقوق کمیٹی نے کمیشن سے بھی آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ارکان اسمبلی عالیہ کامران، کشور زہرہ، منزہ حسان اور ساجد حسین نے بتایا کہ اس کیس کے بعد ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں متشدد واقعات رونما ہورہے ہیں ، ان کی روک تھام کے لئے آگاہی پروگرام اور اس کے نقصانات کے بارے میں طلبا کو بتانا چاہیے۔