پولیس کی تفتیشی ٹیم رائو انوار کو اسلام آباد سےلے کر کراچی پہنچ گئی

March 22, 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس کی تفتیشی ٹیم نجی ایئر لائن کی پرواز سے سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار کو اسلام آباد سےلے کر کراچی پہنچ گئی ، قبل از یں ائیرپورٹ اور اطراف میں سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے تھے،ایئرپورٹ پر پولیس، رینجرز اورحساس اداروںکے افسران اور اہلکار تعینات تھے ، جناح ٹرمینل پر سراغ رساں کتوں کی مددسے سوئپینگ بھی کی گئی ، اس موقع پر میڈیا کو بھی آگے جانے کی اجازت نہیں دی گئیراؤ انوار کی کراچی آمد سےقبل ہی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کر لئے گئے تھے اور راؤ انوار کو لے جانے کے لیے ملیرکی بکتربند گاڑی پہنچا دی گئی تھی ،راؤ انوارکی آمد سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے گاڑی کی سوئپنگ بھی کی تھی، تاہم جیسے ہی آفتاب پٹھان کی سربراہی میں تفتیشی ٹیم راؤ انوار کو لیکر ائیرپورٹ پہنچی تو انہیں ایس ایس پی ملیر کی ٹیم ائیرپورٹ سے اپنے ہمراہ لے کر چلی گئی ،ذرائع کے مطابق راؤ انوار تک میڈیا کو دسترس نہ دینے کا پہلے ہی فیصلہ کرلیا گیا تھا ۔