دوسرے مذاہب کا احترام کرنے سے اسلام کی سربلندی ہوگی، افضل خان

March 24, 2018

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل)برطانیہ ایک بین الثاقفتی ملک ہے جہاںبسنے والے آزادی سے مادروطن کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہیں سال بھر تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے اور ہم ایک دوسرے کی ثقافت کا احترام کرتے ہوئے تقریبات میں شامل ہوتے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے، اس سے ایک خوشگوار اور دوستانہ معاشرے کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبربرطانوی پارلیمنٹ و شیڈو وزیرافضل خان نے پاکستانی کمیونٹی سنٹر لانگ سائیڈ مانچسٹر میں میاں عامر، رضیہ چوہدری اور عالیہ کی جانب سے رکھی گئی شام قوالی کے پروگرام میں شرکت کے موقع پر کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ صوفیائے کرام نے قوالی کے ذریعے لوگوںکو امن کا پیغام دیا۔ اسلام تلوار کی بجائے ہمیں اپنے عمل سے پھیلانا ہے باہمی اتحاد و اتفاق، یگانگت ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرنے سے اسلام کی سربلندی ہوگی۔ حاجی امیر خان، شاہین بٹ نے کہا کہ ایسے پروگراموں کے انعقاد سے آپس میںمل بیٹھنے کا سنہری موقع میسر آتا ہے اور ایک دوسرے کے خیالات جاننے سے مستقبل کی بہتری کے لئے لائحہ عمل بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوالی دل و دماغ پر سحر طاری کردیتی ہے۔ صوفیائے کرام کی یاد تازہ ہوتی ہے اور ہم اپنے نوجوانوں کو قوالی کے ذریعے اپنی ثقافت کی پہچان کرواسکتے ہیں۔ تقریب میں صوفیانہ کلام بھی پیش کیا گیا حاضرین نے خوب داد دی۔ محفل میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ 3اپریل کو مسلمانوں کے خلاف نفرت اور شرانگیز خط کو اہمیت نہ دی جائے ہمیں ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہئے اور نادیدہ قوتوں کو ہر لحاظ سے شکست دینا ہوگی۔