امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی ’’یوم پاکستان ‘‘کی تقریب

March 24, 2018

واشنگٹن (واجد علی سید )ملک بھر کی طرح امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی یوم پاکستان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پاکستانی امریکی شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،اس موقع پر پرچم لہرانے کی تقریب کے دوران پرچم الٹا ہوگیا جسے انسانی غلطی قرار دیا گیا ۔ملک بھر میں جیسا کہ یوم پاکستان منایا جارہا ہے ،دنیا بھر میں پاکستانی قونصلیٹ اور سفارتخانوں اور خصوصی طور پر امریکا میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔اس کے علاوہ جب سفارتکار اس موقع پر پرچم لہرارہے تھے تو غلطی سے قومی پرچم اُلٹا تھا جسے بعد ازاں ٹھیک کرلیاگیا ۔سفارتخانے کے پریس منسٹر نے اسے انسانی غلطی قرار دیا ہے،تقریب میں بڑی تعداد میں معزز افسران ،اسٹاف اراکین ان کے اہلخانہ کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں امریکا میں رہنے والے پاکستانی امریکی شہریوں نے بھی شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتےہوئے سفارتکار نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ پر فخر ہے اور مستقبل میں اس کے ابھرنے پر پوٹینشل موجود ہے،پاکستانی قراداد کے اصولوں میں آج کی نسل کی چیلنجز سے باہر آنے کیلئے رہنمائی موجود ہے۔سامعین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان نے میکرو اکنامکس کو مستحکم ،امن وامان کی صورتحال کو بہتر کیا اور جمہوریت کے تسلسل کو یقینی بنایا ہے۔انہوں نے پاکستانی امریکی شہریوں کی گرمجوشی اور جذبہ حب الوطنی کو سراہااور اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک پل کی طرح کردار ادا کرتے رہیں۔اس سے قبل سفارتخانے کے سینئر افسران نے اس تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر ممنون حسین اور وزیرا عظم شاہد خاقان عباسی کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے ۔سفارتخانے کے افسران اور دیگر حکام نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پرچم لہرانے کی تقریب میں شرکت کی ،امریکی خارجہ امور کے ایک گروپ نے بھی پرچم لہرانے کی اس تقریب میں شرکت کی ۔