بھارت کا جنگی جنون، مغربی سرحد پر جنگی طیاروں کی 5 ہزار پروازیں

April 17, 2018

بھارت کا جنگی جنون انتہا کو پہنچ گیا، مغربی سرحدپرجنگی طیاروں نے 5 ہزار پروازیں کیں، بھارتی ایئر چیف کا موقف ہے کہ جنگی مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں۔

بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی جنگی طیاروں نے گزشتہ ہفتے ’’گنگا شکتی‘‘ نامی جنگی مشقوں کے دوران صرف تین دن میں مغربی سرحدپر 5ہزار پروازیں کیں، جس کے بعد بھارتی ایئرفورس نے اب چین سے ملحقہ شمالی سرحد کا رخ کرلیا ہے۔

بھارتی ایئرچیف مارشل بریندرسنگھ دھنوا کا کہنا ہے کہ جنگی مشقیں کسی ملک کے خلاف نہیں،مشقوں کامقصدحقیقی جنگ کی صورت میں اپنی آپریشنل صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق مشقوں کے لئے 1150فائٹرز، ایئرکرافٹس، ہیلی کاپٹر، ڈرونز، سیکڑوں ایئرڈیفنس میزائلز، راڈارز، سرویلنس اور دیگر یونٹس تعینات کیے گئے ہیں، یہ مشقیں 87-1987 اور 02-2001 کے بعد اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مشقیں ہیں۔